اکشے کمار نے کورونا متاثرین کیلئے ایک کروڑ روپے عطیہ کر دیا

Apr 26, 2021 | 14:12:PM

(24نیوز)اکشے کمار نے یہ خطیر رقم سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی ہے۔
 تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری کورونا کی سنگین صورتحال کے باعث بولی وڈ ایکشن ہیرو اکشے کمار نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مدد کے لیے ایک فلاحی تنظیم کو ایک کروڑ روپے عطیہ کردیے۔ایک رپورٹ کے مطابق اکشے کمار نے کورونا مریضوں کی مدد کے لیے یہ خطیر رقم سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی ہے۔گوتم گمبھیر نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا کہ اداکار اکشے کمار نے ان کی تنظیم کو ایک کروڑ روپے عطیہ کیے۔

واضح رہے کہ انہوں نے کہا کہ یہ رقم نوول کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے عطیہ کی گئی ہے۔گوتم گمبھیر نے لکھا کہ 'دکھ کے اس وقت میں ہر مدد ایک امید کی کرن کی طرح ہے، ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کھانے، ادویات اور آکسیجن کے لیے ایک کروڑ روپے دینے کا شکریہ'۔اکشے کمار نے گوتم گمبھیر کی اس ٹوئٹ پر جواب دیا اور بحران جلد ختم ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نےکہا ہے کہ ' یہ انتہائی مشکل وقت ہے، مجھے خوشی ہے کہ میں مدد کرسکا، خواہش ہے کہ ہم جلد اس بحران سے نکل سکیں'۔اکشے کمار اس سے قبل بھی متاثرہ افراد کی مدد کے لیے عطیات دیتے رہے ہیں۔گزشتہ برس انہوں نے کورونا وائرس ریلیف کے لیے پی ایم کیئرز فنڈ کو 25 کروڑ اور ممبئی پولیس فاؤنڈیشن کو 2 کروڑ روپے عطیہ کیے تھے۔

انہوں نے آسام کے وزیراعلیٰ کے ریلیف فنڈ کو بھی ایک کروڑ روپے عطیہ کیے تھے جب ریاست سیلاب سے متاثر ہوئی تھی۔اکشے کمار نے 2015 میں چنائی فلڈ ریلیف میں بھی ایک کروڑ روپے عطیہ کیے تھے۔

مزیدخبریں