افغانستان میں دہشت گردوں کا دوبارہ منظم ہونا پاکستان کیلئے بڑا خطرہ ہوگا، امریکی جنرل نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل کینیتھ ایف میکینزی نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش اور القاعدہ جیسے گروپوں کے دہشت گردوں کا دوبارہ منظم ہونا پاکستان کیلئے سب سے بڑی تشویش ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری کئےگئے بیان میں کہا گیا ہےکہ سینٹ کام کے کمانڈر جنرل کینیتھ ایف میکینزی نے حالیہ پینٹاگون بریفنگ کے دوران خبردار کیا کہ افغانستان سے امریکا کے انخلا کے بعد القاعدہ اور داعش کے دہشت گردوں کا دوبارہ منظم ہونا سب سے بڑا خطرہ ہوگا جن پر اگر دباؤ نہ رکھا گیا تو دوبارہ وجود میں آجائیں گے، جو تمام پڑوسی ریاستوں بالخصوص پاکستان کے لئے انتہائی تشویشناک ہوگا۔بیان کے مطابق جنرل کینیتھ میکنزی نے مزید کہا کہ ان کی کمانڈ اور امریکی سفارتکار، افغانستان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ امریکا کے انخلا کے بعد دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فوج اور طیارے تعینات کرنے کے معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔پاکستان اور دیگر ممالک کی داخلہ سیاست کی جانب سے واشنگٹن کو خطے میں فوجی بیس رکھنے سے روکنے کے متعلق انہوں نے کہا کہ اس کا حتمی فیصلہ امریکا قومی سطح پر کرے گا۔ یاد رہےکہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے ابتدائی سالوں کے دوران امریکا نے اپنے ڈرون مشنز کے لیے بلوچستان کی شمسی ایئرفیلڈ استعمال کی تھی۔جنرل کینیتھ میکنزی نے کہا کہ وہ اب اسکا حل ڈھونڈ رہے ہیں کہ افغانستان میں عدم موجودگی کے باوجود امریکا کیسے علاقے میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سیکریٹری کی ہدایت پر تفصیلی منصوبہ بندی کر رہا ہوں تاکہ مختلف آپشنز سامنے لا سکوں، میں چند متبادل تجاویز کے ساتھ انہیں اس ماہ کے آخر تک دوبارہ رپورٹ پیش کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ انخلا کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکا داعش، القاعدہ جیسے گروپوں یا طالبان کے رحم و کرم پر ہوگا کہ وہ جب چاہیں مسائل کھڑے کریں اور ہمارے مفادات کو خطرے میں ڈالیں۔سینٹ کام سربراہ نے مزید کہا دہشت گردوں کا دوبارہ منظم ہونا صرف امریکا یا پاکستان کے لیے خطرہ نہیں ہے، یہ تمام جنوبی ایشیائی ممالک سے شمال تک خطرہ ہیں بلکہ میرے خیال میں یہ مغرب میں ایران کے لئے بھی خطرہ ہیں، مستحکم افغانستان میں سب کے مفادات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 22 افراد کو کورونا وائرس سے متاثر کرنے والا شخص گرفتار