بھارت نے68 کروڑ ویورز والے6 پاکستانی اور 10 دیگر یوٹیوب چینلز کو کیوں بلاک کر دیا؟

Apr 26, 2022 | 17:12:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی حکومت نے ملک میں پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام لگا کر 6 پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بلاک کردیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت کی اطلاعات و نشریات کی وزارت کے حکم پر 10 دیگر یوٹیوب چینلز پر بھی کارروائی کی گئی ہے۔ ان تمام چینلز کو ملا کر 68 کروڑ کے قریب ویورز تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت کا ماننا ہے کہ یہ چینل سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے کے لئے استعمال ہو رہے تھے۔ اس کے علاوہ ملک کی اندرونی سلامتی کے نقطہ نظر سے ان چینلز پر صحیح بات نہیں کہی جا رہی تھی۔ ان چینلز پر بھارت کے خارجہ امور، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سماجی نظام کے بارے میں بھی غلط تبصرے کیے جا رہے تھے۔وزارت نے کہا کہ پاکستان میں قائم چینلز کے ذریعے منظم طریقے سے بھارت کے خلاف غلط معلومات نشر کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج، جموں و کشمیر، بھارت  کی وزارت خارجہ، یوکرین کی صورتحال جیسے مسائل پر مسلسل غلط معلومات نشر کی جارہی تھیں۔ وزارت نے کہا کہ ان چینلز کا مواد مکمل طور پر غلط پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ قومی سلامتی، خودمختاری اور ملک کی سالمیت کے حوالے سے بھی درست نہیں تھا۔وزارت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان میں سے کسی بھی چینل نے آئی ٹی رولز 2021 کے تحت اپنی نشریات کے بارے میں مرکزی حکومت کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
بھارتی وزارت نے کہاہندوستان سے چلنے والے کچھ یوٹیوب چینلز میں ایک مخصوص کمیونٹی کو دہشت گرد کہہ کر مخاطب کیا جا رہا تھا۔ اس سے مختلف برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا ہونے کا خطرہ تھا۔ اس طرح کا مواد معاشرے میں اضطراب اور بد نیتی کی صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ نظام کے بگڑنے کا خطرہ تھا۔یہ بھی پڑھیں: انٹربینک میں ڈالر سستا

 

مزیدخبریں