(24 نیوز) سوڈان میں خانہ جنگی کے بعد سعودی بحریہ کی جانب سے غیرملکیوں کے انخلاء کا آپریشن جاری ہے جس کے بعد آج صبح سعودی بحریہ کا مسافر بردار بیڑہ 62 ممالک کے 1687 تارکین وطن کو لیکر جدہ پہنچا جس میں 62 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
جدہ پورٹ پر پاکستان قونصلیٹ کے قونصل جنرل خالد مجید سمیت دیگر افسران بھی اپنے ہم وطنوں کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ جدہ پورٹ پہنچنے والے تارکین وطن نے ہاتھوں میں سعودی پرچم اُٹھا رکھے تھے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سےاب تک پاکستان سمیت 62 ممالک کے 2148 شہریوں کو سوڈان سے نکالا جاچکا ہے جس میں 114 سعودی شہری بھی شامل ہیں، سعودی عرب غیرملکی شہریوں کو ان کے ممالک بھیجنے کیلئے تمام ضروری سہولیات کا انتظام بھی کر رہا ہے۔