(24 نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے دوران پیشہ وارانہ خدمات کی بدولت خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا۔
پاکستان آرمی کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعزاز میں خصوصی تقریب ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہوئی، ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے دوران پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاک آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے ٹیم لیڈر نے وصول کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو روسی تیل پر کتنے فیصد ڈسکاونٹ ملے گا؟ اہم خبر آ گئی
ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے دوران پاک آرمی کی 33 رکنی ٹیم 7 فروری 2023 کو خصوصی پرواز سے ترکیہ پہنچی تھی، ٹیم 22 فروری 2023سے ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں میں مصروف عمل رہی، پاک آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے 91 سائٹس سرچ کیں، پاک آرمی کی ٹیم نے 8 افراد کو زندہ نکالا، 7 افراد کی شناخت کی جبکہ ٹیم نے 138 جاں بحق افراد کو ملبے تلے سے نکال کر جسد خاکی ورثاء کے حوالے کیے تھے۔
امدادی اور ریسکیو کاوشوں کے اعتراف میں استنبول ائرپورٹ پررخصتی کے وقت ترکیہ کے اعلیٰ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے، کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو مشن کے بعد پاکستان آرمی کی USAR ٹیم 23/24 فروری کو پاکستان واپس پہنچی تھی، وطن واپسی پر بھی پاک آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔
پاک فوج کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ثابت کر دیا کہ اقوام عالم میں پاکستان اور پاک فوج اپنے برادر ممالک کے ساتھ ہر مشکل وقت میں موجود ہے اور ہمیشہ رہے گی۔