(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران اتحاد کے اجلاس میں توہین پارلیمنٹ پر 3 شخصیات کو طلب کرنے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔
’’جیو نیوز’’ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں جو اہم فیصلے ہوئے وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے جس رقم کا مطالبہ کیا جا رہا تھا ایوان اس پر غور کرے گا، پہلے بھی قومی اسمبلی دو مرتبہ اس معاملے کو مسترد کر چکی ہے اور توقع یہی ہے کہ ایک بار پھر قومی اسمبلی پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے رقم کی فراہمی کے مطالبے کو مسترد کر دے گی۔
اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں شریک ارکان قومی اسمبلی کی طرف سے محسوس کیا جا رہا ہے کہ 3 افراد مسلسل پارلیمنٹ کی توہین کر رہے ہیں، ارکان آج بہت جذبات ہیں اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں تجویز پیش کریں گے کہ ان تینوں افراد کو قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں طلب کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گا کہ اس طرح کی شخصیات کو استحقاق کمیٹی طلب کرے گی اور ان سے پوچھا جائے کہ وہ کیوں پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
توقع ہے کہ جب اراکین کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئے گی تو اس معاملے کو فوری طور پر استحقاق کمیٹی کے روبرو پیش کر دیا جائے گا اور کمیٹی اپنے اجلاس میں فیصلہ کرے گی کہ آئندہ 24 گھنٹے کے اندر اندر ان شخصیات کو کب طلب کرنا ہے، اس طریقے سے یہی توقع ہے کہ اس معاملے کا ڈراپ سین ہونے جا رہا ہے۔