عمران خان نے جان بوجھ کر جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کی ہدایت کی، پولیس کی رپورٹ عدالت میں جمع

Apr 26, 2023 | 22:31:PM

(24 نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے معاملے پر وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی گئی، جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر حملے کی ہدایت کی، چناچہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، جوڈیشل کمپلیکس حملے پر تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔

وفاقی پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان کی 18 مارچ کو پیشی کے دوران صورتحال خوفناک رہی، چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی کیساتھ بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان موجود تھے، ڈنڈا بردار کارکنان نے جوڈیشل کمپلیکس میں تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں 34 پولیس اہلکار،3 ایف سی اہلکار شدید زختمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کی 2 گاڑیاں، 3 موٹر سائیکل، 7 پرائیویٹ موٹر سائیکل کو نذر آتش کیا گیا، تحریک انصاف کے کارکنان نے 60 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان کیا، جوڈیشل کمپلیکس کی کھڑکیوں کے شیشے، فرنیچر کو نقصان پہنچایا گیا، کارکنان کیخلاف دہشتگردی سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقدمات تھانہ گولڑہ اور تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیے گئے، مقدمات کے نتیجے میں تحریک انصاف کے 355 کارکنان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں سے 245 کو شناخت پریڈ،68 کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا، عمران خان نے منصوبہ بندی کے تحت کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کی ہدایت کی۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر حملے کی ہدایت کی، چناچہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، جوڈیشل کمپلیکس حملے پر تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔

 واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔ 18 مارچ کو پشی کے دوران امن و امان کی صورتحال شدید متاثر رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس اورضلعی انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

مزیدخبریں