(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام، نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسپیچ کمپنی کی اصلاحات و تنظیم نو کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی شعبے کی اصلاحات کے جائزے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام، نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسپیچ کمپنی کی اصلاحات و تنظیم نو کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے سفارشات کو حتمی شکل دینے اور اصلاحات و تنظیم نو کا اطلاق یقینی بنانے کےلیے کمیٹی قائم کردی جب کہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنانے کےلیے وزیراعظم آفس میں سیل قائم کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کم بجلی خرچ کرنے والے پنکھوں کو کم آمدن والے صارفین کو فراہم کرنے کےلیے جامع پلان بھی طلب کر لیا، اس کے علاوہ شہباز شریف نے صنعتی شعبے کو کم نرخوں پر بجلی دینے کالائحہ عمل پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی محکموں میں مؤثر سزا اور جزا کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیاربنانےکیلئے ضروری سرمایہ کاری فراہم کرینگے،ہمیں مصنوعی ذہانت ،روبوٹکس سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہیے،نوجوانوں کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے گا،معاشرے سے صنفی امتیاز کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ،ہزاروں ڈالرز کمانے والی خواتین سے مل کرخوشی ہوئی۔