(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )نے میاں نوازشریف سے پارٹی قیادت سنبھالنے کی درخواست کر دی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے دیگر رہنماﺅں کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے مریم نواز اور شہباز شریف کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کاکہناتھا کہ 2017 میں جبر کر کے نواز شریف کو پارٹی قیادت سے علیحدہ کیا گیا تھا ،نواز شریف سے دوبارہ پارٹی قیادت سنبھالنے کی درخواست کر دی گئی ہے ۔ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہاکہ ہم وہی لیڈرشپ فراہم کریں گے جس کی عوام توقع رکھتے ہیں، نواز شریف عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں ،ان کی چین سے واپسی پرتجاویز پیش کی جائیں گی۔
لیگی رہنما نے کہاکہ شہبازشریف ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں ،مریم نواز پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں،ان کاکہناتھا کہ ہم اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر قابو پائیں گے ، نواز شریف جو بیانیہ دیں گے وہ ہی بیانیہ رہے گا ، چاہے وہ مزاحمت کا ہو یا مفاہمت کا ،پارٹی کا بیانیہ اب وہ ہی رہے گا جس کی منظوری میاں نواز شریف دیں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے بانی پی ٹی آئی کومذاکرات کی دعوت دیدی