پنجاب میں موسلادھار بارش، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے آغاز کے بعد پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ 29 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے اس لیے تمام ڈپٹی کمشنرز الرٹرہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے،1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں ،شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں،شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں ،بارشوں کا سلسلہ 29 اپریل تک جاری رہنے کے امکانات ہیں،شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صوبائی حکومت کا بدھ کو عام تعطیل کااعلان
ملک کے دیگر حصوں کے موسم کی بات کریں تو آج رات خیبر پختونخوا ، اسلام آباد، بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ شمالی مشرقی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخواکے بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے ۔
آئندہ دن کے موسم کی بات کریں تو اسلام آباداور گر دو نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، بنوں،ٹانک، وزیرستان، کرک، کوہاٹ، کرم ،باجوڑ، مہمند ، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان ، چترال، دیر، سوات،، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور ، بونیر اور مالاکنڈ میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا ما ت پرژالہ باری کا امکان، اس دوران بالائی اضلاع میں بعض مقا مات موسلادھار بارش کی بھی توقع۔
بلوچستان کے علاقے کو ئٹہ ، نو شکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، قلات، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ، زیارت، شیرانی اور موسیٰ خیل میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، اس دوران چند مقا مات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعد از دوپہرتیز /گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے ،کشمیر،گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
دوسری جانب انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ آج رات اور27 اپریل کے دوران درمیانی سے تیزموسلادھار بارش کے باعث بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں خصوصاً(نوشکی، زیارت، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان اور نصیر آباد) کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ،27 سے 29 اپریل کے دوران درمیانی سے تیزموسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، چترال،مانسہرہ ، کوہستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ۔اس دوران (27 سے29 اپریل) تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات،کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ۔آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث انسانی جانوں ، کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔