کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس ، صوبوں سے مشاورت کیلئے وزیراعظم کی کمیٹی بنانے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں سے مشاورت کیلئے کمیٹی دینے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کیلئے کوارڈینیٹر رومینہ خورشید عالم، متعلقہ اعلی حکام اور سرکاری و نجی شعبے سے ماہرین نے شرکت کی. اجلاس میں وزیرِ اعظم ازاد جموں و کشمیر، وزیرِ اعلی گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے وزراءِ اعلی نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی.
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال ناکام ہو گئی
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراءِ اعلی نے پالیسی سازی کے حوالے سے اپنے اپنے صوبے کے مؤقف سے آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں، پالیسی گائیڈلائنز فار ٹریڈنگ ان کاربن کریڈٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے صوبوں سے مشارت کے بعد کونسل کے آئندہ اجلاس میں مسودہ پیش کرنے، وزارت موسمیاتی تبدیلی کو اس اہم پالیسی مسودے کیلئے صوبوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مکمل طور پر اعتماد میں لینے، کاربن کریڈٹس کے حوالے سے پالیسی رہنما اصولوں کے حوالے سے حتمی پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل کرنے کی ہدایت کر دی.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے، 2022 کی بارشوں اور اس کے نتیجے میں سیلاب سے ملک بری طرح متاثر ہوا، خادمِ پاکستان کے ناطے سیلاب کے متاثرین کی مدد و بحالی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا کیس لڑا، احسن اقبال اور شیری رحمن کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں نے مل کر پاکستان کو اس مشکل وقت سے نکالنے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے کلیدی اقدامات اٹھائے.
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دوست ممالک، عالمی برادری بالخصوص سیکٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستانیوں کی پکار پر لبیک کہا جس کیلئے مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکرگزار ہے، صوبائی حکومتوں اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پالیسی سازی کرنی ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہمارے چیلنجز میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ملک بھر میں کاربن کریڈٹس کے حوالے سے اقدامات میں بہتری آئی ہے جن کو مزید تیز اور مؤثر کرنے کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام امور پرصوبوں کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی پالیسی سازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔