(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان فخر کے ساتھ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ سکتے ہیں، جنہوں نے 30سال حکومت کی وہ آج منہ چھپائے پھرتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے کسانوں کے فوائد کیلئے اقدامات کئے ، عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا وقار بحال ہوا ، مسلم امہ کی لیڈر شپ پاکستان کے پاس واپس آئی ، افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے ہمارا کردار دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ، فلسطین سمیت دیگر تمام مسائل پر پاکستان نے دنیا بھر میں آواز اٹھائی ۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت کی صورتحال چیلنجنگ تھی ، کوئی سرکاری ادارہ ایسا نہیں تھا جو کام کر رہا ہو ، اسحاق ڈار معیشت کا جنازہ نکال کر خود فرار ہو چکے تھے ، 2018 سے 2021 کا موازنہ کریں تو آج سٹیٹ بینک کے پاس ریزرو فنڈز 20ارب سے زائد ہیں ۔
فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد کا ٹیکسٹائل سیکٹر قبرستان بنا ہوا تھا ، ٹماٹر 100روپے مگر پاور لوم 40روپے کلو کے حساب سے بک رہی تھی مگر آج حالات یکسر بدل چکے ہیں ۔ آج ترسیلات زر 31ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کی آواز پر اوور سیز پاکستانیوں نے لبیک کہا اورترسیلات زر میں تاریخی اضافہ ہوا ، کرنٹ اکائونٹ ڈیفڈ 19ارب ڈالرز میں تھا جو ہماری حکومت میں سرپلس میں بھی گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر:خاتون رکن اسمبلی کابینہ میں شامل،تعداد 16ہو گئی