حکمران عوام کی اذیت بھول گئے، 3 سالہ دور میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا: پروگرام ڈی این اے میں تجزیہ کاروں کی رائے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز )تین برس کی کارکردگی کے شادیانے بجانے والے عوام کی اذیت بھول گئے ہیں ،تحریک انصاف کی حکومت کے تین سالہ اقتدار کے دوران مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا ۔ان خیالات کا اظہار سلیم بخاری، افتخار احمد ، پی جے میر اور جاوید اقبال نے 24 نیوز کے پروگرام ڈی این اے میں کیا۔
افتخار احمد نے کہا کہ تحریک انصاف کے تین برس میں چینی کی قیمت 23 فیصد ، گندم کی قیمت 15 فیصد ، پٹرول کی قیمت 31 فیصد، بجلی کی قیمت 40 فیصد بڑھی، حکومت نے بجٹ کے دوران وعدہ کیا تھا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائے گی اور عام آدمی کو ریلیف دیا جائے گا مگر سب سے زیادہ مہنگائی کی چکی میں عام آدمی پس رہا ہے۔
سلیم بخاری نے حکومت کی جانب سے کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تین سال ترجیحات کا تعین کرنے اور عام آدمی کو معاشی مشکلات سے نجات دلانے کی بجائے گذشتہ حکومتوں پر تنقید اور احتساب کے نام پر انتقام میں گزار دئیے،
عمران خان تو کہتے تھے انکے پاس دو سو ماہرین کی ٹیم ہے جو اقتدار میں آتے ہی سب مسائل ٹھیک کر دے گی، اسد عمر ٹی وی شوز میں چٹکیاں بجا بجا کر کہا کرتے تھے کہ حکومت ملی تو معیشت کی سمت ہفتوں میں درست ہو جائے گی ،اب تک حکومت کتنے وزیر خزانہ تبدیل کر چکی ہے ، کتنے چیئر مین ایف بی آر بدل چکی ہے۔
سلیم بخاری نے مزید کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے لیکن عوام آپکی کارکردگی دیکھنا چاہتی ہے، گذشتہ حکومتیں اگر کرپٹ تھیں تو اب ایماندار حکومت عوام کو ریلیف دینے میں کیوں ناکام ہے، انہوں نے حکومت کی جانب سے قانون سازی کی بجائے آرڈیننس پر انحصار کو بھی ہدف تنقید بنایا ۔
پی جے میر نے کہا کہ عمران خان سے سوال کیا جائے گا کہ انہوں نے اداروں میں اصلاحات کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیوں نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ ہم غریب کارڈ کھیلتے ہیں۔
جس پر جاوید اقبال نے کہا غریب کی زندگی اجیرن ہے ہم اس کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں، جاوید اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کنونشن سنٹر میں میوزیکل شو سے قوم کا ایک گھنٹہ ضائع کیا، اداروں میں اصلاحات کی بجائے انہیں تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا گیا ہے۔
سلیم بخاری کا کہنا تھا اصلاحات اور قانون سازی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک آپ اپوزیشن کو عتماد میں نہیں لیں گے ۔
افتخا احمد کا کہنا تھاپلی بارگین کے ذریعے نیب نے جن کو بری کیا ہے ان کے نام شائع کئے جائیں، خیبر پختونخوا میں ٹورازم متاثر ہوئی ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پینل نے افغانستان میں کابل ایئر پورٹ پر دو دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اس اقدام کو افغانستان کے امن کیلئے خطر ناک قرار دیا ۔