ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز گل کی درخواست ضمانت: عدالت سے بڑی خبر آگئی
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دیئے۔
جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس ہائی کورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے ؟ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں، جس وقت یہ بیانات دیئے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کا متعلقہ فورم نہ ہونے کا اعتراض کیا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
یاد رہے مقامی وکیل علی اعجاز بٹر نے مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔