(ویب ڈیسک)موسیقی کے معروف پٹیالہ گھرانے کے نامور کلاسیکل غزل گائیک استادحامد علی خان نے خاندان سمیت بھارت منتقل ہونے کی پیشکش ٹھکرانے کا انکشاف کر دیا۔
استادحامد علی خان نےحال ہی میں ایک نجی چینل کے مزاحیہ شو میں بطور مہمان اپنے بیٹے کے ساتھ شرکت کی جہاں اپنے میوزک کیریئر اور بھارت سے ملنے والی محبت پر خیالات کا اظہار کیا۔
معروف کلاسیکل گلوکار نے بتایا کہ ایک بار جب وہ اسد امانت علی کے ساتھ بھارت میں پرفارم کرنے گئے تو تقریب میں وہ دونوں سب سے کم عمر تھے جبکہ وہاں دلیپ کمار اور منوج کمار جیسی شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا، تقریب میں سب لوگ خاموش تھے اور سوچ رہے تھے کہ پاکستان نے دو بچوں کو کیوں بھیجا ہے؟ لیکن جب ہم نے کلاسیکل گانا شروع کیا تو ہر کوئی حیران رہ گیا، یہاں تک کہ منوج کمار جیسے بڑے فنکاربھی ہماری پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے تھے۔
استادحامد علی خان نے مزیدبتایا کہ سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ہم دونوں گلوکاروں کو "رام لکھن" کا لقب دیتے ہوئے ہماری تعریف کی تھی۔
حامدعلی خان نے بتایاکہ شوکے اگلے دن اٹل بہاری واجپائی نے ہمیں بلایا اور پرفارمنس کی تعریف کی،ساتھ ہی انہوں نے مجھے بھارت شفٹ ہونے کی پیش کش بھی کی کیونکہ وہ میری پرفارمنس سے بے حد متاثر ہوئے تھے،اٹل بہاری واجپائی کا کہنا تھا کہ بھارت منتقل ہونے کے لیے آپ لوگ جو کہیں گے میں کروا دوں گا،انہوں نے شرط رکھی تھی کہ آپ کو پاکستانی شہریت چھوڑنی پڑے گی،جب میں نے اُن سے کہا کہ ہماری فیملی پاکستان میں ہے اورانہیں چھوڑ کر یہاں کیسے آ جائیں تو انہوں نے فیملی سمیت شفٹ ہونے کی پیشکش کی لیکن میں نے آفر پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آتے جاتے رہیں گے۔