(24نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اورلیویزاہلکاروں سمیت دس افرادجاں بحق ہوگئے ۔
ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق قومی شاہراہ اورشہر میں مسلح افراد رات سے پولیس کیساتھ مقابلہ کر رہے تھے ، فائرنگ سے پولیس کا ایک سب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور پانچ شہری جاں بحق ہوئے۔
ایس ایس پی قلات کاکہنا ہے کہ فائرنگ کےبعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، علاقے کو کلیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیرداخلہ نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس و لیویز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور 5 شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکاروں اور شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد کی قوت سے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ۔