(24 نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی بننے کے چند روز بعد ہی لوگوں کی خواہش تھی کہ استعفیٰ دے کر چلا جاؤں لیکن میں کرکٹ کو ٹھیک کرکے ہی جاؤں گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن رضا نقوی نے چیمپینز کپ کے انعقاد حوالے سے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے، قومی ٹیم کا حال ابھی سے نہیں، 3 سال سے ہے، چیئرمین پی سی بی بنا تو لوگوں کی خواہش تھی کہ استعفیٰ دے کر چلا جاؤں، کرکٹ کو ٹھیک کرکے جاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقار یونس بطور مینٹور چیمپئنز کپ کی ایک ٹیم کو سنبھالیں گے، ہمارے پاس کوئی سافٹ وئیر نہیں کہ پلیئر تیار کر لئے جائیں، چیمپئنز کپ سے ڈومیسٹک کرکٹ بہتر ہو گی، اس سے ہمارے پاس 150 کھلاڑی سلیکشن کیلئے موجود ہوں گے، یہ 150 کھلاڑی بلکل میرٹ پر منتخب ہوئے ہیں، چیمپئنز کپ ستمبر کے آخر میں ختم ہو جائے گا، تمام کھلاڑیوں کا ریکارڈ موجود ہو گا، آئندہ سلیکشن میں بہترین کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی
بنگلہ دیش سے بدترین شکست پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش کےخلاف میچ میں شکست مایوس نہیں انتہائی مایوس کن ہے، پچ سمیت دیگر تمام مسائل کا جائزہ لیں گے، ایک ہفتہ تاخیر یوٹرن نہیں کراچی ٹیسٹ کی تاریخ ایک سال پہلے طے ہوئی تھی، اب ترقیاتی کاموں کی وجہ سے سب کی مشاورت سے کراچی ٹیسٹ کا وینیو تبدیل کیا گیا ہے۔