(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے نومولود کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے بیٹے کا نام بتا دیا اور ساتھ ہی اپنی اہلیہ انشا آفریدی کے لیے خوبصورت پیغام بھی جاری کر دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اٹیک بولر شاہین آفریدی اور سابق لیجنڈری آل راؤنڈر کی صاحبزادی انشا آفریدی کے ہاں بیٹے کی ولادت 24 اگست کو ہوئی، شاہین آفریدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں طویل پیغام بھی لکھا۔
شاہین آفریدی نے تصویر کی کیپشن میں لکھا کہ ’’اس لمحے نے ہر چیز تبدیل کردی، میرا دل بے حد خوش اور مکمل ہے اور میری زندگی بہتر ہوگئی ہے، 24 اگست 2024 کی تاریخ ہمیشہ ہمارے لیے خاص رہے گی‘ میرے بیٹے عالیار آفریدی کو اس دنیا میں خوش آمدید‘‘۔
انہوں نے اپنی اہلیہ انشا آفریدی کے لیے لکھا کہ ’’میں ہمیشہ اپنی اہلیہ کا شکر گزار رہوں گا کہ ان تمام تکالیف کے لیے جو اسے برداشت کرنا پڑیں، وہ ہمارے چھوٹے خاندان کی سپورٹ سسٹم ہیں‘‘۔
مزید براں شاہین آفریدی نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے فینز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے پنڈی ٹیسٹ میں شامل شاہین آفریدی بیٹے کی پیدائش کے بعد گزشتہ رات کراچی چلے گئے تھے، وہ کل اسلام آباد پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے، قومی ٹیم کا کل آپشنل ٹریننگ سیشن شیڈول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو بڑا جھٹکا دیدیا
یاد رہے کہ شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔