(24نیوز)عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی کورونا ویکسین لگوالی۔
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے انسداد کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوالی ہے۔ویکسین لگوانے پر سعودی ڈاکٹرز نے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا محمد بن سلمان کی رہنمائی کے باعث شہریوں اور غیرملکیوں کےلئے ویکسین کی جلد فراہمی ممکن ہوئی۔
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر محفوظ ترین ویکسین کو انتہائی مختصر وقت میں مملکت کے شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کے لیے فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔اب حاصل ہونے والی کامیابیاں ولی عہد محمد بن سلمان اور حکومت کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے شہریوں اور ریاست میں مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کےلیے خاطر خواہ موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، چند روز قبل برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر سعودی حکومت نے شہریوں و غیرملکیوں کی حفاظت کیلئے بین الاقوامی سرحدیں بند کردی تھیں۔