ماؤنٹ مونگا ٹیسٹ : پہلے روز نیوزی لینڈ کی گرفت مضبوط

Dec 26, 2020 | 10:02:AM

 (24نیوز)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا اختتام ہوگیا،کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لئے۔کپتان کین ولیم سن اور ہنری نکولس کریز پر موجود ہیں۔
 

ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل نے  اننگز کاآغاز کیا ۔ شاہین شاہ آفریدی نے دونوں بلے بازوں کو 13 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ کیویز بلے باز ٹام لیتھم 4 جبکہ ٹام بلنڈل صرف 5 رنز بناسکے۔

اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعدکیویز  سنبھل گئے۔ کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے100 سے زائد رنز کی شراکت قائم  کی ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 133 رنز پر راس ٹیلر کو بھی اپنا شکار بنایا۔راس ٹیلر  نے 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

پہلے روز کے اختتام پر  کپتان کین ولیمسن 94 اور ہنری نکولس 42 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

میچ سے قبل کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کمی محسوس ہوگی لیکن کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرنے کے لئے پراعتماد ہیں۔دوسری جانب  کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ  اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو  بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔

واضح رہے کہ قومی سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور حارث سہیل شامل ہیں جبکہ  فواد عالم، فہیم اشرف، یاسر شاہ اور محمد عباس بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں