شاداب خان نیوزی لینڈ کے بعد جنوبی افریقا سیریز سے بھی آؤٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز)قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو انجری کے باعث ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام تجویز کیا ہے اور اس طرح وہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ اور ساؤتھ افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر شاداب خان زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ٹانگ کی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے اور اس کے بعد اس دعوے کے ساتھ کہ شاداب خان مکمل فٹ ہو گئے ہیں انہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لئے منتخب کر لیا گیا۔14 روز کے قرنطینہ کے بعد جب ٹریننگ کا وقت آیا تو ایک بار پھر شاداب خان کو ٹانگ میں تکلیف کی شکایت ہوئی لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے انہیں فٹ قرار دے دیا گیا اور انہوں بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی سیکن میں تشخیص ہوئی ہے کہ شاداب خان کی یہ انجری پرانی نہیں بلکہ ابھی نئی ہوئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 26 جنوری سے 14 فروری تک جاری رہے گی۔
شاداب خان قومی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ میں ہی موجود رہیں گے جہاں پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کا ری ہیب پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔