حکومتی اقدامات، پاکستان پوسٹ کی عالمی رینکنگ میں 27 درجے ترقی

Dec 26, 2020 | 21:25:PM

(24نیوز)حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان پوسٹ کی عالمی رینکنگ میں 27 درجے ترقی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پوسٹل سروس کے عالمی ادارے یونیورسل پوسٹل یونین نے 170 ممالک کی 2020 کی رینکنگ جاری کر دی، پاکستان پوسٹ 2016 میں 29 پوائنٹس کے ساتھ 94 نمبر پر تھا، 2020 کی رپورٹ کے مطابق 27 درجے ترقی کے ساتھ 94 سے 67 نمبر پر آگیا۔
دنیا میں وہ ممالک ٹاپ پر ہیں جو صنعتی شعبے میں عالمی رینکنگ میں بھی ٹاپ پر ہیں، پاکستان پوسٹ میں حالیہ جاری ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کہیں درجے مزید اوپر آجائے گا۔پاکستان پوسٹ کے نئے شروع کردہ منصوبے اور پرانے نظام کو جدت دینے کے منصوبے سے پاکستان پوسٹ عالمی سطح پر پاکستان کا فخر بنے گا۔ اس رپورٹ میں کورونا کیوجہ سے پوسٹل سیکٹر کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
عالمی وبا میں پاکستان پوسٹ کا گھر گھر پنشن پہنچانے کو بھی اقوام متحدہ کے پوسٹل ادارے یونیورسل پوسٹل یونین نے سراہا تھا، پاکستان پوسٹ 2023 تک ٹاپ 20 میں شامل ہونے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے۔
پاکستان پوسٹ جاری ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو پورا کر کے ای کامرس میں بھی داخل ہونے جا رہا ہے، رینکنگ کی بہتری سے پاکستان پوسٹ کے بزنس میں مزید اضافہ اور لوگوں کا اعتماد حاصل ہوگا، پاکستان پوسٹ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مکمل کر کے پوری دنیا میں پاکستان کے پروڈکٹس کو فروغ بھی دے گا۔

مزیدخبریں