حکومت نے بھارت جانے سے روکا تو نہیں جائیں گے، نجم سیٹھی

Dec 26, 2022 | 17:13:PM

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا حکومت نے بھارت جانے سے منع کیا تو نہیں جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی پر مستعفی ہونے کا فیصلہ اچھا تھا، ہر وزیراعظم کا حق ہے کہ وہ اپنی ٹیم بنائے، اس وقت بھی طاقتور حلقوں نے کہا تھا کہ آپ رُکے رہیں۔

ان کا کہنا تھا میں نے اپنے بعد کے 2 چیئرمین کی کارکردگی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، دُکھ ہوتا تھا جب اچھے لوگوں کو میری قربت کی وجہ سے ہٹایا گیا، میرے بارے میں غلط اعداد و شمار پی سی بی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے، جب واپس لاہور جاؤں گا تو اصل حقیقت کیا ہے جاری کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیمز کے نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہوں، آٹھ دس کروڑ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا ہے، دنیا میں کہیں کہیں اسپانسرکے نام پر اسٹیڈیم ہے اس لیے اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے پاس معاملات چلانے کے مکمل اختیارات ہیں، اصل ہدف 2014 کے آئین کو بحال کرنا ہے، جب ڈپارٹمنٹس اور منتخب باڈی تیار ہو جائے گی تو مینجمنٹ کمیٹی ختم ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: ابھی بہت سا کام کرنا ہے: نجم سیٹھی

مکی آرتھر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا مکی آرتھر کے ساتھ مل کر ٹیم بنائی تھی، ان کے دور میں ٹیم ٹاپ پر آئی تھی، آرتھر کے دور میں ٹیم میں بہت ڈسپلن تھا اور پلیئرز محنت کررہے تھے، بابر اعظم کو سب سے پہلے مکی آرتھر نے ہی سپورٹ کیا تھا۔

سربراہ پی سی بی میجمنمنٹ کمیٹی نے کہا کہ ہم نے مکی آرتھر سے رابطہ ضرور کیا ہے، مکی آرتھر سے رائے لی ہے کہ کون سے کوچز ہونے چاہئیں، 8، 10 دن میں طے ہو گا کہ کوچنگ اسٹاف میں کون ہو گا۔

بھارت جا کر کھیلنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا پاک بھارت کرکٹ کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہوتا ہے، بھارت جانے کے معاملہ پر حکومت نے کہا کہ نہ جاؤ تو نہیں جائیں گے، ایشیا کپ کے معاملہ پر اے سی سی میں دیکھیں گے کہ صورتحال کیا ہے، ہم نے ایسا فیصلہ کرنا ہے کہ خود بھی تنہا نہ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹ کے میچز دیکھنے کوئی نہیں آتا، فینز خود کو شہر اور ریجن کے نام پر ٹیم سے جوڑتے ہیں، میری تجویز یہ ہوگی کہ ڈپارٹمنٹس ملک کر ریجن کی کرکٹ کو سپورٹ کریں۔

ویمن لیگ کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا ویمن لیگ کا آئیڈیا اچھا ہے، اس پر سنجیدگی سے کام کریں گے لیکن جونیئر لیگ کے بارے میں منفی رائے ہی ملی ہیں، جائزہ لیں گے کہ جونیئر لیگ کا کیا کرنا ہے۔

پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کرانے کے حوالے سے سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کوئٹہ میں کور کمانڈر اور حکومت نے پورے تعاون کا یقین دلایا ہے، حتمی فیصلہ وہاں کے زمینی حقائق دیکھ کر کریں گے۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے متعلق سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا رمیز راجا کی عزت کرتا ہوں، ان کو کمنٹری سے بالکل نہیں روکا جائے گا، ہم رمیز راجا کی کمنٹری کی مخالفت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں