کراچی ٹیسٹ: پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹ کے نقصان پر 317 رنز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 12 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق اعجاز پٹیل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 7 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے، شان مسعود بھی مچل بریسویل کی گیند پر زور دار ہٹ لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، وہ صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
.@babarazam258 (161*) and @SarfarazA_54 (86) lead the way with outstanding knocks ????#PAKvNZ | #TayyariKiwiHai pic.twitter.com/JDqJWjzHg4
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 26, 2022
امام الحق بھی بریسویل کی گیند پر آگے بڑھ کر چھکا لگانے کی کوشش میں 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سعید شکیل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن جب ٹیم کا اسکور 110 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
1️⃣9️⃣6️⃣-run partnership ????
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 26, 2022
A stellar stand for the fifth wicket ????#PAKvNZ | #TayyariKiwiHai pic.twitter.com/npZMHRZDgt
بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے اپنا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سنچری مکمل کی جبکہ سرفراز احمد نے بھی تقریباً 4 سال بعد ٹیم میں واپسی کے بعد پہلی ہی اننگز میں ففٹی اسکور کی۔
سرفراز احمد 86 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کا شکار ہوگئے جب کہ اس وقت وکٹ پر بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے، نئی سیریز ہے کوشش ہو گی کہ پہلے سے بہتر پرفارم کریں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد کی 4 سال بعد پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے، میر حمزہ اور امام الحق بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔