ایمنڈ نے پیمرا کی جانب سےنوٹسز کو مستردکردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے پیمرا کی جانب سے اسلام آباد میں حالیہ دھماکے پر نیوز چینلز کو جاری کئے جانے والے اظہاروجوہ کےنوٹسز کو مستردکردیا ہے ایمنڈ نے اس اقدام کو پیمرا قوانین کے غلط استعمال اور چینلز کو دباؤ میں لانے کی بھونڈی کوشش قراردیا ہے۔
ایمنڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا نیوزچینلز قومی سلامتی کے معاملات ، دہشتگردی کے واقعات،مذہبی منافرت اور حساس معاملات پر دوران رپورٹنگ انتہائی ذمہ داری اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے آئی ٹین سیکٹر میں حالیہ دھماکے کی رپورٹنگ کے دوران بھی پیمرا کے وضع کردہ تمام قوانین اور معاشرتی ضابطوں کا خیال رکھاگیا لیکن اس کے باوجود غیرضروری نوٹس کا اجرا پیمرا کی بدنتیی اور مذموم مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔جس کا ثبوت یہ ہے کہ پیمرا نے کسی چینل کی انفرادی نشاندہی کے بجائے تمام چینلز کے لئے عمومی اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیئے ۔
ایمنڈ نے کہاکہ ملک میں تواترسے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات پربھی پاکستانی میڈیا نے قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی اور اس کا ثبوت حالیہ بنوں میں دہشتگردی کا واقعہ ہے جس میں دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں سے متعلق رپورٹنگ کے دوران حد درجے احتیاط برتی گئی۔ نیوز چینلز نے ہمیشہ ایسی خبروں سے گریز کیا جس سے دہشتگردوں کو فائدہ پہنچے کا امکان ہو۔ ایمنڈ یہ سمجھتی ہے کہ پیمرا نیوزچینلز کو غیرضروری عمومی نوٹسز کے اجراء کے بجائے کسی بھی چینل کے خلاف قانون انفرادی عمل کی واضح نشاندہی کرے۔