عمران خان کی بہن علیمہ خان سوال پوچھنے پر آگ بگولہ، صحافی کو کھری کھری سنا دیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کی بہن علیمہ خان صحافی کے سوال پر آگ بگولہ ہو گئیں، سوال کے دوران ہی صحافی کو ٹوکتے ہوئے جھاڑ پلا دی اور کہا کہ میں آپ کے سوال کا جواب نہیں دینے والی ،چپ کر جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سائفر، 180ملین پاونڈ جیسے کیسز کے تحت اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جب ان کی ہمشیرہ علیمہ خان باہر آئیں تو وہاں موجود صحافیوں نے ان سے متعدد سوال پوچھے ایسے میں ایک صحافی سے ان کی تکرار ہو گئی ، صحافی نے ان سے سوال کیا کہ عمران خان کا پہلے بیانیہ تھا کہ ان کی حکومت امریکا نے گرائی ، امریکا نے سازش کی ہے پھر وہ بیک فٹ پر چلے گئے ۔۔۔۔
صحافی کا سوال ابھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ علیمہ خان نے صحافی کو جھاڑ پلا دی اور کہا کہ ’’چپ کریں ، میں آپ کے سوال کا جواب نہیں دینے والی ‘‘ علیمہ خان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دیکھیں میں کوئی سیاستدان نہیں ہوں ، ہم گھر سے نکل کر یہاں صرف آپ کو عمران خان کا پیغام پہنچا رہے ہیں ، آپ کو میرے پیغام کی نہیں سمجھ لگی ، آپ پلانٹڈ سوال کر رہے ہیں اس لیے میں آپ کے سوال کا جواب نہیں دوں گی ۔
دیگر صحافیوں کی مداخلت پر علیمہ خان نے کہا کہ اچھا چلیں پوچھیں سوال ، جس پر صحافی نے سوال کیا کہ پہلے عمران خان کہتے تھے کہ امریکا نے سازش کی ہے پھر انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر سے سازش ہوئی ہے اب آپ کہہ رہی ہیں کہ ووٹرز کیخلاف سازش ہو رہی ہے ، تو بتا دیں کہ آیا سازش کی کس نے اور کس کے خلاف ؟
جس پر علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان اپنی بات سے نہیں مکرا وہ اپنی بات پر قائم ہے ، پاکستانی آفیشل نے امریکا سے پیغام بھیجا جو پوری دنیا کو پتا چل چکا ہے یہاں تک کہ وہ پیغام امریکا میں بھی چھپ(پرنٹ ہو) چکا ہے ، امریکا نے سازش کی تو کسی نے تو یہاں سے ساتھ دیا اس کا ؟ ایسا تھوڑی ہو سکتا ہے کہ امریکا نے کہا اور بس ہو گیا یہاں کوئی تو اس کے ساتھ تھا ۔
دوسری بات کہ پاکستان کا لیڈر 6 ماہ سے اندر ہے اسے ووٹرز نے ہی منتخب کر کے اقتدار میں بھیجا تو اسے سازش کے تحت اگر اتارا گیا تو یہ سازش ووٹرز کے خلاف ہی کی گئی ہے اور مین بات مجھے سب پتا چل رہا ہے کہ آپ پلانٹڈ سوال اور لفظوں کو توڑ مڑور کر پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ؛ نواز شریف، چودھری نثار کے کاغذات نامزدگی منظور