پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز: پی ٹی وی نے لائیو کوریج کیوں بند کردی؟

Dec 26, 2023 | 20:29:PM
پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز: پی ٹی وی نے لائیو کوریج کیوں بند کردی؟
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان کے نیشنل ٹی وی چینل پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ نشر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کا کہنا ہے کہ جوئے کے اشتہارات کے سبب پاک آسٹریلیا دوسرا ٹیسٹ نشر نہ کرسکے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ایسے اشتہار کی تشہیر پر پابندی عائد ہے۔

پی ٹی وی کا مؤقف ہے کہ اس کی براڈ کاسٹرز سے اس معاملے پر بات چیت جاری ہے۔

پرتھ ٹیسٹ میں پی ٹی وی اسپورٹس سے ٹیسٹ میچ نشر کیا گیا تو اس میں جوئے کی کمپنی کے اشتہارات کی تشہیر کی گئی تھی حالانکہ پرتھ کے گراؤنڈ میں ان کمپنیز کے اشتہار پینٹ نہیں تھے لیکن سافٹ ویئر کی مدد سے ورچوئل ایڈورٹائزنگ کرکے جوئے کے اشتہارات کی تشہیر کی گئی۔

اس صورتحال پر وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نوٹس لیتے ہوئے جوئے کے اشتہار نشر نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پی ٹی وی اسپورٹس کا مؤقف ہے کہ جوئے کے اشتہارات نشر ہونے پر حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی تسلیم کرتے ہیں۔

پی ٹی وی اسپورٹس کا کہنا ہے کہ جوئے کے اشتہارات کے معاملے پر ہماری براڈ کاسٹرز سے بات چیت جاری ہے، جوئے کے اشتہارات روکنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھی بات کر رہے ہیں، پُرامید ہیں کہ معاملہ حل ہونے پر ناظرین پاک آسٹریلیا سیریز دیکھ سکیں گے، بحیثیت سرکاری ٹی وی کوشش ہے کہ مستقبل میں ایسے معاملات پیش نہ آئیں۔