ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، پارہ منفی 11 ڈگری تک گرگیا
گلوبل وارمنگ اور دیگر عوامل برے طریقے سے فضا کو متاثر کر رہے ،ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( کومل اسلم) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد پاکستان کے کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے ،بالائی سندھ اور پنجاب کے چند میدانی علا قوں میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی موسمیاتی ویب سائٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے زیارت میں پارہ منفی 11 ڈگری اور گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ۔
ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ،خیبرپختو نخوا کے علاقے ناران میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرگیا، کاغان ویلی میں درجہ حرارت منفی 7 ، شوگراں میں منفی ایک ہوگیا ،پارہ نقطہ انجماد سے گرنے کے بعدکناری ڈیم کی جھیل جم گئی،آبشاروں اور ندی نالوں میں بھی پانی جم گیا۔
اپردیر میں بھی سردی جمانے لگی ،دیر میدانی علاقوں میں منفی 3 اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا جبکہ خشک سردی سے نزلہ زکام اور سینے کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ، قلات میں منفی 5 اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد 4، پشاور 6، لاہور 11 اور کراچی میں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام یا رات میں کشمیر اور ملحقہ پہا ڑی علا قوں میں مطلع جز وی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہکار ناول لکھنے والی نامور پاکستانی ادیبہ انتقال کرگئیں
دوسری جانب شہر لاہور میں ٹھٹھرنے والی سردی سے روٹھی ہوئی فضا میں خنکی موجود لیکن اوس نا دیکھی جا سکی ،ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر اپنی پہچان کھو رہا ہے جبکہ گلوبل وارمنگ اور دیگر عوامل برے طریقے سے فضا کو متاثر کر رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موسم سرد اور خشک ہے، موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری ، کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے جبکہ فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 198 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سر فہرست ہے۔
شہر قائد میں سردی کے ڈیرے ہیں،پارہ 10 ڈگری سینٹی تک ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں موسم اس وقت سرد اور خشک ہے ، آج بھی وقفے وقفے سے معمول سے تیز ہوائیں چلیں گی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شمال مشرق سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر ہے ، دنیا اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 239 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال آج بھی سر فہرست، دوسرے نمبر پر شاہرہ فیصل اور تیسرے نمبر کورنگی موجود ہے۔