ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ: شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس 

26 کلومیٹر پرمحیط منصوبہ روزانہ ہزاروں مسافروں کوسفری سہولت فراہم اورٹریفک کا دبائو کم کرے گا

Dec 26, 2024 | 10:43:AM

(عاجزجمالی)سینئرصوبائی وزیرسندھ شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریڈ لائن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

 کراچی میں ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن،سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو، بین الاقوامی کنسلٹنٹس اوردیگرحکام نے بھی شرکت کی،اجلاس میں بس ڈپوز اور ٹرمینلز کے تعمیراتی کام میں پیش رفت اور یوٹیلیٹیز کی منتقلی جیسے چیلنجز سمیت دیگر پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس میں سی ای او ٹرانس کراچی طارق منظورچانڈیو نے منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی،اجلاس میں بین الاقوامی کنسلٹنٹس نے تعمیراتی عمل میں بین الاقوامی معیارکی پاسداری یقینی بنانے اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اپنی تکنیکی سفارشات پیش کیں۔

شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر کہاکہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے،چیلنجز سے نمٹنے اور پراجیکٹ کی ٹائم لائنز کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے مسافروں کے لیے گیم چینجر ہے، ہم اس میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس علی باقر نجفی نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا

شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو یوٹیلیٹی سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یوٹیلیٹی کی منتقلی اور تعمیرات کو تیز کرنے جیسے مسائل حل کرنے کی مربوط کوششیں کرنی چاہئیں،حکومت سندھ کراچی کے شہریوں کے لیے جدید، مؤثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن سسٹم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

 شرجیل انعام میمن نے مزیدکہاکہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ 26 کلومیٹر پر محیط ہے اور یہ کراچی کے وسیع تر ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگ بنیاد ہے،ریڈ لائن بی آر ٹی میں روزانہ ہزاروں مسافروں کو سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کی صلاحیت ہے۔

مزیدخبریں