پاسپورٹس کا بیک لاگ مکمل طورپر ختم،اب مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے،محسن نقوی
اسلام آباد کا ریجنل پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا، کراچی ،لاہور میں ماڈل سنٹرز بھی بنائیں گے،وفاقی وزیرداخلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی سہولت کیلئے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسٹیٹ آف دی آرٹ پاسورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز کی عمارت اور اسلام آباد ریجنل پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کا ریجنل پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں 14 شہروں میں نادرا کے 24/7 میگا سنٹرز موجود ہیں،ان تمام نادرا سنٹرز میں شہریوں کو 24/7 پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دی جائے گی،کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ کے ماڈل سنٹرز بھی بنائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہاکہ پاکستان بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے،اب شہریوں کو مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے،ڈی جی پاسپورٹس اور تمام عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہاکہ پہلے پاسپورٹس کا 6۔6 ماہ کا بیک لاگ موجود ہوتا تھا،گزشتہ ہفتے لاہور اور کراچی میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے دورے کئے تو انتہائی خوشی ہوئی کیونکہ لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا،پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے حالات یکسر بدلے ہوئے تھے،وہاں رش تھا نہ انتظار کی زخمت۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہااتھارٹی بنانے سے ادارے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں،پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے کریک ڈاؤن کر رہی ہے،پاسپورٹ آفس کے عملے کوبھی اچھی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی آج عمران خان سے ملاقات کرے گی
ڈی جی پاسپورٹ مصطفٰی جمال قاضی نے اس موقع پر کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق پاسپورٹ آفس کی سروسز میں بہتری لائی گئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر نئے استقبالیہ، آن لائن سیکشن، پروڈکشن سنٹر اور ڈیٹا سنٹر کا دورہ بھی کیا،انہوں نے پاسپورٹ پروڈکشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو اعزازی شیلڈز اور نقد انعام دئیے۔
چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمدمنیرافسر،رفعت مختار راجہ،ایوب چودھری،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا،آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔