( 24 نیوز) بھارت کی تمام ریاستوں میں آج تمام کاروباری تنظیموں نے کاروبار بند اور پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں بھی زیادہ تر کاروباری تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہوں گی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایس ٹی کے قوانین میں حال ہی میں ہوئی ترمیموں اور ای کامرس کمپنی ایمیزن پر فوری پابندی لگانے کے مطالبہ کو لے کر آج کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز ( کیٹ) نے کاروبار بند کی کال دی ہے ۔ کیٹ نے ہڑتال کی کال جی ایس ٹی کی مخالفت میں دی ہے ۔ آل انڈیا ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھی بند کی حمایت کی ہے ۔ حالانکہ اے آئی ٹی ڈبلیو اے کا احتجاج ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور ای وے بل کے خلاف ہےہول سیل اور ریٹیل بازار پوری طرح سے بند رہیں گے ، زیادہ تر کاروباریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ پر کچھ خاص اثر نہیں پڑے گا ۔ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر رہنے کا امکان ہے ۔
آل انڈیا ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر مہندر آریہ نے بتایا کہ سبھی ریاستی سطح کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز ایک روزہ ہڑتال میں پوری طرح تعاون کریں گی ۔ اے آئی ٹی ڈبلیو اے کا احتجاج ایندھن کے دام بڑھنے اور ای وے بل کے خلاف ہوگا ۔ مہندر آریہ کے مطابق سبھی ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے صبح چھ بجے سے لے کر شام آٹھ بجے تک اپنی گاڑیوں کی خدمات بند رکھنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ سبھی ٹرانسپورٹ گودام اپنے یہاں احتجاجی بینر لگائیں گے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کاروباری تنظیموں کے رہنمائو ں کا کہنا ہے کہ دہلی سمیت ملک بھر میں تقریبا 1500 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا ۔ آج کے دن کوئی بھی کاروباری جی ایس ٹی پورٹل پر لاگ آن نہیں کرے گا ۔