ایرن کے خلاف اوباما جیسی غلطی نہ دہرائیں،44ارکان کانگریس کا صدربائیڈن کو مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امریکی کانگریس کے 44 ارکان پر مشتمل ایک گروپ نے صدر جوبائیڈن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران کے معاملے میں سابق صدر براک اوباما جیسی غلطی کا ارتکاب نہ کریں اور اس کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کو نہ ہٹائیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹر ٹام کاٹن اور ایوانِ نمایندگان کے رکن مائیک گلاگر نے ایک قرارداد متعارف کرائی ۔اس پرکانگریس کے 44 ارکان کے دست خط ہیں۔انہوں نے ایک دست خط شدہ بیان جاری کیا اور اس میں کہا کہ امریکا کو ایرانی نظام کے خلاف اس وقت تک پابندیاں برقرار رکھنی چاہئیں جب تک وہ جوہری خواہشات سے باز نہیں آجاتا اور خطے بھر میں تشدد اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوجاتا۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اوباما انتظامیہ کی کم زور پالیسیوں کا فائدہ اٹھایا تھا۔صدر بائیڈن کو ان غلطیوں کا اعادہ نہیں کرنا چاہئے۔جو بائیڈن حالیہ ہفتوں میں ایک سے زیادہ مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ایران 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی سخت پاسداری کرے تو ان کی انتظامیہ بھی ایسا کرنے کو تیار ہوگی لیکن ایران اس سے پہلے امریکا سے تمام پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کررہا ہے۔
امریکی صدر کے ناقدین ان پر یہ زور دے رہے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں کو برقرار رکھیں تا کہ اس کو جوہری سمجھوتے کی پاسداری کے لیے مجبورکیا جاسکے۔