(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پورے ملک میں زورو شور سے جاری ہے ، اس کا نتیجہ کیا نکلتا ہے ؟ یہ تو خدا ہی جانے لیکن اس حوالے سے اب سوشل میڈیا پر میمز بننے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے جیل بھروتحریک کا اعلان کیا جا چکا ہے ، جس کے بعد مختلف شہروں میں مرحلہ وار کارکنان اور قائدین کی جانب سے گرفتاریوں کا عمل جاری ہے ، لیکن اس تحریک نے ایک دلچسپ صورتحال اختیار کر لی ہے جس کا ہر ذی شعور شخص ذکر کر رہا ہے ۔
واضح رہے کہ سیاسی روش رہی ہے کہ کسی بھی پارٹی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے آغاز پر سب سے پہلے پارٹی لیڈر گرفتاری دیتا ہے جس کے بعد ا س کے چاہنے والے گرفتاریاں دیتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں عمران خان نے ایسا نہیں کیا الٹا مختلف کیسز میں حفاظتی ضمانت کرا رکھی ہے ۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر میمز بننے کا سلسلہ جاری ہے ،جس میں سے کچھ بہترین پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماوں کی جانب سے بھی جاری کی گئی ہیں، جس میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو مزاحیہ انداز میں تنقید کانشانہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ٹویٹر اکاونٹ سے بھی ایک میم شائع کی گئی جس میں عمران خان کو ایک ’روندو بچے ‘سے تشبیح دی گئی ہے، میم کے کیپشن پر لکھا گیا کہ ’خواتین ججوں کو دھمکیاں دینے سے لے کر سپریم کورٹ کے باہر شلواریں لٹکانے تک، آپ نے نہ صرف عدلیہ پر بلکہ تمام ریاستی اداروں پر بدترین ممکنہ حملوں کا منصوبہ بنایا ہے، اوہ اور اس ویڈیو کو ایک یاد دہانی کے طور پر سنیں اور ایسے رونے والے بچے بننا چھوڑ دیں‘۔