(دوران بلوچ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔
بارکھان پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور، بھائی نے سر میں گولی مار کر بہن کو قتل کردیا
مقامی ایس ایچ او سجاد افضل کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا حجام کی دکان پر ہوا جہاں بم ایک موٹر سائیکل پر نصب تھا جو حجام کی دکان کے باہر موجود تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کےفوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو حصار میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں 2 بچیاں بھی شامل ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا واقعے پر اظہار افسوس
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضانقوی نے بارکھان میں دھماکے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دہشتگردی کے اس واقعے کی مذمت کی۔ وزیراعلیٰ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔