غیر معیاری ادویات سے متعلق ڈریپ نے خبر دار کر دیا

Feb 26, 2023 | 12:33:PM

(ویب ڈیسک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  (ڈریپ) نے غیر معیاری ادویات سے متعلق الرٹ جاری کر تے ہوئے شہریوں کو غیر معیاری ادویات استعمال کرنے سے روک دیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے شہریوں کو مارکیٹ میں موجود غیر معیاری ادویات کے استعمال سے منع کر دیا ہے۔ ڈریپ DRAP نے ڈیوس فارما کی مشتبہ مصنوعات سے متعلق مراسلہ جاری کرتے ہوئے عوام کو ان غیر معیاری ادویات کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ 

مراسلے کے مطابق  ڈیوس فارما کے سیرپ میں ایتھیلین گلائیکول کی مقدارمقررہ حد سے زائد  ہے اس لیے مشتبہ ادویات کے 34 بیچز کے استعمال سے منع کیا گیا ہے۔ ڈریپ حکام نے ڈیوس فارما کو ملٹی وٹامن سیرپ کے 10 بیچ، زنک سیرپ کے 17 بیچ، اینٹی الرجک سریپ کا ایک اور امراض معدہ سیرپ کے 3 بیچ واپس اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: نوجوان افراد میں امراض قلب کے اضافے کی کیا وجوہات ہیں؟

اس کے ساتھ ساتھ حکام نے  ڈیوس فارما کو نزلہ زکام کے  سیرپ کا ایک بیچ اور کھانسی کے سیرپ کا بھی بیچ واپس اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ  اعصابی امراض کے سیرپ بھی مارکیٹ سے واپس اٹھائے جائیں۔

واضح رہے کہ ڈریپ نے  فارمیسی اور کیمسٹ کو بھی مذکورہ مشتبہ سیرپ کےبیچ کمپنی کو واپس بھجوانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ جبکہ  پاکستانی ڈیوس فارما سوٹیکل اسلام آباد  نے کھانسی کے سیرپ گیمبیا کو  برآمد کیے تھے۔گیمبیا لیبارٹری نے 13 فروری کو پاکستان سے برآمد کیے جانے والے کف سیرپ کو غیر معیاری قرار دے دیا تھا۔

دوسری جانب ڈریپ نے 20 فروری کو اس بات کا الرٹ جاری کیا تھا جبکہ کروڑوں روپے مالیت سے بننے والی سنٹرل ڈرگ لیب کراچی اس سیرپ کی حقیقت کے بارے کچھ دریافت نہ کر سکی۔اس انکشاف کے بعد ڈریپ نے ڈیوس فارماسوٹیکل اسلام آباد کا تیار کردہ سیرپ کو ملک بھر کے میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز سے واپس منگوانے کا مراسلہ جاری کر دیا تھا۔

مزیدخبریں