(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں جشن بہاراں کےانتظامات کاجائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہوراورفیصل آباد میں جشن بہاراں کے انتظامات و پروگرامز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوران اجلاس لاہورمیں 5سے12مارچ تک جبکہ فیصل آباد میں 4سے 12مارچ تک جشن بہاراں کی تقریبات منعقد کروانے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں کھیل، ثقافت، سیاحت، موسیقی، برڈ اور پیٹ شو، آتش بازی کی تقریبات شامل کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔
لاہور اور فیصل آباد میں میراتھن ریس اور سائیکلنگ کے مقابلے کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ میراتھن ریس میں بچے،خواتین، سپیشل پرسن اور اتھلیٹ حصہ لیں سکیں گے۔ تقریبات میں راحت فتح علی خان، ساحر علی بگا سمیت دیگرمعروف گلوکار میوزک شو پیش کریں گے اور دونوں شہروں میں محفل سماع بھی کروائی جائے گی۔ اقبال سٹیڈیم اور یونیورسٹی آف ایگریکلچرل میں جشن بہاراں کی تقریبات منعقد کروائی جائیں گی جبکہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں غیرملکی کھلاڑی بھی سپورٹس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ،عثمان بزدار اور انکی فیملیز کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ طلب
پھولوں اور چنیوٹی فرنیچر کی نمائش بھی منعقد ہو گی اور 8مارچ کوعالمی یوم خواتین پر خصوصی تقریبات کے ساتھ ساتھ خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا۔ گھوڑ ڈانس، اونٹ ڈانس، دودھ دینے والی گائے اور بھینسوں کے مقابلے بھی کروائے جائیں گے۔ جشن بہاراں کےموقع پرفیصل آباد میں ہیوی بائیک شو بھی ہوگا جبکہ لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام لیزر لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو ہوگا۔
لاہور اور فیصل آباد میں کارنی ول میں دلکش ثقافتی فلیوٹ بنائے جائیں گے جبکہ دونوں شہروں میں نہروں کو سجایا جائے گا اورلائٹنگ بھی ہوگی۔گورنمنٹ کالج لاہور کے خصوصی مشعل مارچ میں 7ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے اور تقریبات میں فوڈ میلے بھی لگائے جائیں گے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جشن بہاراں کی تقریبات میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکمن اقدام کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلال افضل، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹریزاطلاعات و ثقافت، ہائر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، لائیوسٹاک سمت کمشنر لاہور ڈویژن، کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ابراہیم مراد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شمولیت اختیار کی تھی۔