900ارب روپے سرپلس اور300ارب روپے ڈویلپمنٹ کیلئے چھوڑ کر جارہے ہیں،وزیراعلیٰ محسن نقوی

Feb 26, 2024 | 00:50:AM

(علی رامے)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ  900ارب روپے سرپلس اور300ارب روپے ڈویلپمنٹ کیلئے چھوڑ کر جارہے ہیں،یہ ٹیم کوئی عام ٹیم نہیں تھی،ٹیم نے بہت اچھا ڈلیور کیا،

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بی بی پاکدامن مزار روڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مزار بی بی پاکدامن روڈ مکمل ہونے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں،مزار بی بی پاکدامن روڈ علاقے کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گی،مزار بی بی پاکدامن ایمپرس روڈسے منسلک ہوگی ہے اس سے آمدورفت کے مسائل حل ہوں گے۔ان کا کہناتھا کہ مزار بی بی پاکدامن روڈپر علیحدہ پارکنگ کی جگہ بھی بنائی ہیں،لوگ گاڑی کھڑی کر کے دربار جاسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ چیف سیکرٹری،آئی جی،سی سی پی او،چیئرمین پی اینڈ ڈی،تمام سیکرٹریزاورکابینہ ممبران کا شکریہ جنہوں نے 13ماہ ساتھ دیا،ڈی جی پی آر کی ٹیم،محکمہ اطلاعات و ثقافت اوربیٹ رپورٹر ساتھ جڑے رہیں،کسی نے کوئی کمی نہیں چھوڑی سب کا شکریہ۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اورہمارے صوبے کو مزید ترقی دے۔

محسن نقوی نے کہاکہ اگر انجانے میں کوئی بھول چوک ہوگئی ہوتو عوام سے معذرت خواہ ہوں،تمام سیکرٹریز نے نیک نیتی سے کام کیا ہے،پھر بھی کوئی غلطی ہوئی ہے تو عوام سے معذرت، اگلی حکومت کافی کام کرے گی۔انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری زاہد زمان اورمجاہد شیر دل نے 600ارب روپے کا قرض ادا کیا۔

محسن نقوی نے کہاکہ 900ارب روپے سرپلس اور300ارب روپے ڈویلپمنٹ کیلئے چھوڑ کر جارہے ہیں،یہ ٹیم کوئی عام ٹیم نہیں تھی،ٹیم نے بہت اچھا ڈلیور کیا،میں 10گھنٹے کام کرتا تھا تو ٹیم 16گھنٹے کام کرتی تھی،سرپلس 900ارب روپے ہے،300ارب روپے ترقیاتی اور600ارب روپے کا قرضہ ادا کیا،اچھرہ واقعہ میں جن پولیس افسران نے اچھاکردار ادا کیا ان کیلئے کیوپی ایم کی سفارش کی ہے،صحافیوں کیلئے کچھ کرنا میرا فرض تھا،اگر نہ کرکے جاتا تو دل بوجھل رہتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ مریم نواز نے 13ماہ کی کارکردگی کو سراہا ہے،میں نے مریم نواز کو اپنی ناکامیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے،محکمہ تعلیم میں جتنا کام کرنا چاہیے تھا اتنا نہیں کرپائے،اگر ٹیم یہی رہی تو بہت زیادہ ترقی ممکن ہے ،کیونکہ ٹیم اچھی ہوتو ترقی کی جاسکتی ہے،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،آئی جی سب نے محنت کی،سب نے اپنا حصہ ڈالا،سارے پرانے دوستوں نے ساتھ دیا۔دعاؤں میں یا د رکھئیے گا آپ سب کا بہت شکریہ۔

مزیدخبریں