ویلڈن اے ایس پی شہربانو،اپنی جان خطرے میں ڈال کر پولیس آفیسر نے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچالیا

Feb 26, 2024 | 10:59:AM

(ویب ڈیسک)لاہور کی اے ایس پی شہر بانونقوی نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کردی ۔

گزشتہ روز لاہور کے اچھرہ بازار میں  شوہر کے ہمراہ شاپنگ کیلئے آئی خاتون کو لباس پر لکھے عربی حروف کے باعث  مشتعل ہجوم کی جانب ہراساں کیے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا، وائرل ویڈیو میں خاتون کو خوف کے عالم میں اپنا چہرہ چھپاتے دیکھا گیا تھا۔جس کے بعد خاتون پولیس آفیسر اے ایس پی شہربانو نقوی  اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت بچانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

 اس دوران خاتون پولیس افسر کی مشتعل ہجوم سے بات کرتے ہوئے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ویڈیو میں خاتون پولیس افسر مشتعل ہجوم کو یقین دلارہی ہیں  اگر خاتون کی جانب سے توہین مذہب کا ارتکاب کیا گیا ہے تو وہ خاتون کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کریں گی۔

اس حوالے سے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور کا سوشل میڈیا پر بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ   لاہور کے ایک علاقے میں پیدا ہونے والی ناخوشگوار صورتحال کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون شہری کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت بچا کر لے جانے والی ایس ڈی پی او گلبرگ لاہور اے ایس پی شہربانو نقوی کو پنجاب پولیس کی طرف سے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر قائد اعظم پولیس میڈل (QPM) سے نوازنے کیلئے حکومت پاکستان کو سفارشات بھجوائی جا رہی ہیں۔

شہربانو آپ کا شکریہ، آپ پر ہم سب کو فخر ہے:مریم نواز

دوسری جانب نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی پولیس افسر اےایس پی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ، مریم نواز کا کہنا تھا کہ اےایس پی گلبرگ شہربانونے بہادری، عقلمندی، فرض شناسی کامثالی مظاہرہ کیا،شہربانو بروقت نہ پہنچتیں تو حادثہ ہونے کا خطرہ تھا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہربانو آپ کا شکریہ، آپ پر ہم سب کو فخر ہے،دباﺅ،تعداداور حالات کامقابلہ کرتےہوئےآپ نےقانون،انسانیت کاسراونچاکیا،توقع ہے پولیس فورس کا ہر فرد اسی جذبے سے عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کردار ادا کرے گا۔

 ادھر  مسلم لیگ ن کے رہنما  احسن اقبال نے  لاہور واقعے پربیان دیتے ہوئے کہا کہ ویل ڈن اے ایس پی شہر بانو! مذہبی جنونیت سے معاشرے کو بچانا ہم سب کا فرض ہے۔احسن اقبال نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عربی خطاطی کا لباس قرآن پاک سے منسوب کرکے ہجوم کے ہاتھوں ایک جان ضائع ہونےسےبچ گئی۔

خاتون سے معافی کا کہنا بلا جواز تھا:طاہر اشرفی

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں خاتون کو لباس پر عربی الفاظ پرنٹ ہونے کی وجہ سے ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں طاہر اشرفی کا کہنا تھاکہ لاہور میں ایک خاتون کو لباس پر عربی الفاظ پرنٹ ہونے کی وجہ سے ہراساں کیا گیا۔ پاکستان علما کونسل اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

 اس موقع پر اچھرہ پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں تاہم خاتون سے معافی کا کہنا بلا جواز تھا، معافی ہراساں کرنے والوں کو مانگنی چاہیے۔

ادھر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں ۔کچھ لوگ خاتون پر تنقید کررہے ہیں تو کچھ لوگ ہجوم کو برا بھلا کہہ رہے ہیں لیکن سب لوگ پولیس آفیسر کی بہادری کو سراہ رہے ہیں اور کچھ لوگ تو اے ایس پی گلبرگ شہر بانوکو ستارہ جرات دینے کی سفارش بھی کرتے نظر آئے۔

یاد رہے کہ لاہور کے اچھرہ بازار میں ایک خاتون نےعربی خطاطی پر مبنی لباس پہن رکھا تھا جس پر لفظ حلوہ لکھا ہے،مشتعل ہجوم نے اسے قرآنی آیات کے الفاظ قرار دے کر خاتون پر چڑھائی کردی ۔پولیس نے بروقت پہنچ کر خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچالیا ۔

مزیدخبریں