قوم کو استحکام اور بہتری کی طرف لے کر جائیں گے، شیری رحمٰن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے کسی کے ساتھ زور زبردستی نہیں کی، ہم سے پی ڈی ایم نے نہیں ن لیگ نے رابطہ کیا، قوم کو استحکام اور بہتری کی طرف لے کر جائیں گے، سنی اتحاد کونسل آگے بڑھے سب الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران شیری رحمٰن نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو صدارتی ریفرنس کیلئے آئے ہیں، امید ہے عدالت خود اس داغ کو دھوئے گی، اس تاریخ کو درست کرے گی، ہم منتظر ہیں کہ اب انصاف پر شفافیت نظر آئے گی،موسم سرد ہے لیکن سیاسی گرما گرمی ہے،شیری رحمٰن کا صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے اب تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کے عمل سے ان کی ساکھ پر زک پڑ رہی ہے، صدر عارف علوی آئین شکنی کیوں کرنا چاہتے ہیں۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ اجلاس طلبی مخصوص نشستوں پر فیصلے سے مشروط کرنا افسوسناک ہے، افسوس صدر نے آئینی ذمہ داری سے دستبرداری کی، صدر کے عہدے پر ضرب پڑ رہی ہے، صدر آئین شکنی کے کیوں مرتکب ہونا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس اب تک نہیں بلایا، صدر عارف علوی کو چار دن پہلے وزارتِ پارلیمانی امور نے سمری بھیجی تھی، صدر مملکت نے اجلاس بلانے کی سمری پر اب تک دستخط نہیں کئے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صدر مملکت کا مؤقف ہے کہ ایوان ابھی مکمل نہیں، کچھ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔