معروف بھارتی غزل گائیک پنکج ادھاس انتقال کر گئے

Feb 26, 2024 | 16:36:PM

(24نیوز)بھارت کے معروف غزل گائیک پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز معروف غزل گائیک پنکج ادھاس کا 72 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا جبکہ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی بیٹی نایاب ادھاس کی جانب سے کی گئی،نایاب ادھاس کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ’’ بہت بھاری دل کے ساتھ، ہم آپ کو اطلاع دینا چاہتے ہیں کہ پنکج ادھاس 26 فروری 2024 کو طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے ہیں، یہ بتاتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے۔‘‘

ہندوستان کے بہترین غزل گائیکوں میں سے ایک کے طور پر مشہور پنکج ادھاس 17 مئی 1951 کو گجرات میں پیدا ہوئے، وہ اپنی غزلوں اور اپنے گانوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سراہے گئے،ادھاس نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں شہرت حاصل کی اور ہندوستان کے مقبول ترین غزل گائیکوں میں سے ایک بن گئے۔

پنکج ادھاس کی چند مشہور غزلوں میں 'چٹھی آئی ہے'، 'اور آہستہ کجیے باتیں'، 'چاندی جیسا رنگ ہے تیرا'، اور 'نا کجرے کی دھار' شامل ہیں، انہوں نے کئی سالوں میں متعدد البمز جاری کئے اور ہندوستانی موسیقی کی صنعت میں دیگر قابل ذکر فنکاروں کے ساتھ تعاون کیا۔

ادھاس کو موسیقی میں ان کی خدمات کے باعث کئی ایوارڈز بھی ملے ۔

 2006 میں فن کے شعبے میں ان کی کامیابیوں پر پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جو کہ ہندوستان کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک ہے۔
 

مزیدخبریں