امریکی اور روسی سفارت کار جمعرات کو استنبول میں ملاقات کریں گے، روسی وزیر خارجہ

Feb 26, 2025 | 20:57:PM

(24نیوز)روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اور روسی سفارت کار جمعرات کو استنبول میں ملاقات کریں گے تاکہ اپنے سفارت خانوں سے متعلق مسائل کے حل پر بات چیت کرسکیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہےکہ روس اور امریکہ کے درمیان سفارتی تنازعہ کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ترکیہ کے شہر استبول میں ہوگایہ مذاکرات دونوں ممالک کے سفارت کاروں کے لیے بہتر کام کے حالات پیدا کرنے پر مرکوز ہوں گے جس کے بعد مزید وسیع معاملات پر بات چیت کا امکان ہے۔

وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہےکہ یہ ملاقات 12 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی فون کال اور 18 فروری کو سعودی عرب میں ہونے والی اعلیٰ سطحی روس امریکہ میٹنگ کے تسلسل کا حصہ ہے استنبول مذاکرات کے نتائج یہ ظاہر کریں گے کہ دونوں ممالک کس حد تک جلد اور مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

لاوروف نے کہا کہ بات چیت کا محور واشنگٹن اور ماسکو میں دونوں ممالک کے سفارت کاروں کو درپیش مشکلات کا حل ہوگاماضی میں سفارتی عملے کی تعداد اور سفارتی عمارتوں کے تنازعات کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔

 روسی وزیر خارجہ نے اس صورتحال کا ذمہ دار سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو ٹھہرایا اور کہا کہ بائیڈن کے دور میں امریکی حکومت نے جان بوجھ کر روسی سفارتی عملے کے لیے مشکلات پیدا کیں، جس کے جواب میں روس نے بھی امریکی سفارت کاروں کے لیے پابندیاں عائد کیں۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ یوکرین میں جلد از جلد جنگ بندی چاہتے ہیں لیکن  پیوٹن نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس سلسلے میں کسی بھی پیش رفت کے لیے روس اور امریکہ کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔

مزیدخبریں