(24نیوز) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کےفیصلے کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف لاہور میں احتجاج کیا گیا جس میں لیسکو ملازمین اپنے دفاتر سے قافلوں کی شکل میں پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچے جہاں انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔جنرل سیکرٹری واپڈا ہائیڈرو یونین خورشید احمد کا کہنا تھا کہ منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری سے صارفین اور ملازمین دونوں کا استحصال ہو گا جو کسی صورت قبول نہیں۔
دوسری جانب یونین رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے الیکٹرک اور دیگر پاور پلانٹس کی نجکاری کا تجربہ سامنے رکھے، بجلی پہلے ہی مہنگی ہوتی جارہی ہے، فیصلہ واپس نہ ہوا تو اسلام آباد جاکر احتجاج کریں گے۔ہائیڈرو یونین کی کال پر لیسکو سمیت بجلی کی دیگر تمام تقسیم کار کمپنیوں میں قلم اور ٹول چھوڑ ہڑتال بھی کی گئی۔