براڈ شیٹ،کاغذات عوام کے سامنے رکھے جائیں، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے: خاقان عباسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انصاف ہو تو نیب کے 3 چیئرمین جیل میں جائیں گے۔ براڈ شیٹ کے تمام کاغذات عوام کے سامنے رکھیں جس سے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے سوال کیا کہ کیا ان لوگوں سے سوال کرنے والا کوئی نہیں؟ ایک شخص کے لئے معیار کچھ اور ہے جبکہ دوسرے کے لئے کچھ اور ۔ آٹے، چینی، ایل این جی میں اربوں روپے لوٹے گئے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج کو براڈ شیٹ کمیشن کا سربراہ بنایا گیا ہے، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔سابق وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ 5 فروری کا جلسہ راولپنڈی کی بجائے مظفر آباد میں ہو گا۔ اس روز ہم یوم یکجہتیٔ کشمیر مظفر آباد میں منائیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت جج اعظم خان نے کی۔
دورانِ سماعت سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ سپریم کورٹ میں ہیں ان کے آنے تک سماعت میں وقفہ کیا جائے۔جج نے شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔