(24 نیوز)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ہندوستان نے حریت قیادت کو جیل میں بند رکھا ہے، تہاڑ جیل میں قید یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے، ہزاروں کشمیری نوجوان جیلوں میں قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کا یوم جمہوریہ کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، بھارت نے کشمیریوں سے ہر حق چھین رکھا ہے، ہندوستان نے کشمیریوں سے آزادی، جینے حتی کہ سانس لینے کا حق بھی چھین رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی لاشیں نہیں دی جاتی کہ ہم دفنا سکیں، ہندوستانیوں کیا کشمیری انسان نہیں؟دوسری جانب دلی میں جہاں نام نہاد جمہوریت کا بگل بجایا جاتا ہے تو غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے جموں و کشمیر میں سات دہائیوں سے جمہوری حقوق پر قدغن کے خلاف اس روز کو کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہلانے والا بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ وادی جموں و کشمیر میں فوجی قبضے کو دوام بخشنے کی خاطر سنگین غیر جمہوری اقدامات میں ملوث ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عالمی برادری سے غصب کئے گئے مسلمہ جمہوری حقوق دلانے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔