(24نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے سنجیدہ لوگ آگے بڑھیں اور متبادل قیادت بنیں.
تفصیلات کے مطابق اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو سیاسی نابالغوں نے یرغمال بنا لیا ہے، حکومت کی طرف سے پارلیمان میں رابطہ کار کو کہا جا رہا ہے کہ حکومت منتیں کر رہی ہے، ایک وزیر اعلیٰ کہہ رہا ہے میں وفاق کو جوابدہ ہی نہیں ہوں، الیکشن اصلاحات کا کہا جائے تو وہ اس پر تیار نہیں، ایک دن عدم اعتماد دوسرے دن لانگ مارچ اور تیسرے دن استعفے کی باتیں کی جاتی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ غیر سنجیدہ سیاسی قیادت ملک کے مستقبل کیلئے خطرہ ہے، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے سنجیدہ لوگ آگے بڑھیں اور متبادل قیادت بنیں، گورننس، الیکشن اور عدلیہ اصلاحات انتہائی اہم ہیں لیکن اس نابالغ قیادت سے کون مذاکرات کرے؟۔