پولیس نے لڑکی کو ہسپتال لانیوالا دوسرا ملزم بھی گرفتار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) نواب ٹاؤن کے علاقے میں ٹیچنگ ہسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑنے کے معاملے میں نئے انکشافات سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے لڑکی کو ہسپتال لانے والا دوسرا ملزم بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دوسرے نوجوان کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی اور لڑکی کا اسقاط حمل کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، شبہ ہے کہ اسی وجہ سے لڑکی جاں بحق ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کا اسقاط حمل جھنگ سے کرایا گیا اور پولیس نے اسقاط حمل کرنے والی خاتون سمیت دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار کئے گئے دونوں ملزموں کے بیانات لئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اویس لڑکی کو ہسپتال لانے والی گاڑی میں موجود رہا۔ لاش ہسپتال میں لے جانے والے ملزم اسامہ منیر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے جو لڑکی کا کلاس فیلو ہے اور دونوں کے تعلقات تھے۔واضح رہےگزشتہ روز لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن کے ایک نجی میڈیکل کالج میں ایک طالبہ کی لاش ملی تھی، لڑکی کی شناخت مریم کے نام سے ہوئی، اور اس کا تعلق پنجاب کے ضلع گجرات سے ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد پتہ چلا کہ لڑکی کی لاش دو نامعلوم افراد چھوڑ کر گئے تھے، فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان لڑکی کو اٹھا کر میڈیکل کالج کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہورہا ہے، جب کہ اس کا دوسرا ساتھی گاڑی میں بیٹھا انتظار کررہا ہے۔