(علی رامے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی ملاقات ہوئی ۔
نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے محسن نقوی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد ی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آپ اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق احسن طریقے سے سر انجام دینگے۔
دونوں رہنماوں نے ملاقات میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ منشیات کی خرید وفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے۔
ملاقات میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے 2سنٹرز بنانے کافیصلہ کیا گیا ہے ،ایک سنٹر جیل میں بھی بنایاجائے گا، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت موثراقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، پنجاب حکومت اور اینٹی نار کوٹکس فورس کامربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ اقدامات اٹھانے اور اشتراک کار کو مزید بہتر بنانے پربھی اتفاق ہوا ہے ۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے باہر او رآن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیاجائے گا، پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر منشیات کی روک تھام کے لئے بھرپو رکریک ڈاؤن کرے گی ، نئی نسل کو منشیات سے بچانے اورتعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پرزیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔