(24 نیوز) پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شہلا رضا کا کہنا ہے کہ ہم لاہور کیا پورے پنجاب کو سندھ جیسا بنائیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ ہم لاہور کیا پورے پنجاب کو سندھ جیسا بنائیں گے، مفت صحت کا نظام لائیں گے، لیگی رہنما عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ گھبرا گئے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانہ بنا رہے ہیں، جب ان کو جواب دیا جائے تو سب مل کر رونے لگتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کی تقدیر بدلے گی؟ آصف زرداری نے بڑا دعویٰ کر دیا
انہوں نے کہا کہ این اے 127 پر کوئی لیگی الیکشن لڑنے کو تیار نہیں تھا، عطا تارڑ آئے ہیں تو سوچ سمجھ کر بات کریں، پرویز مشرف کے 8 سالہ دور کے بعد آٹا اور چاول ناپید تھے جسے ہم سر پلس میں لائے، اگر ترقی ہوئی ہے تو وہ آصف زرداری کے چین کے ساتھ سی پیک معاہدہ آنے کے بعد ہوئی، ہم نے منصفانہ طور پر این ایف سی ایوارڈ صوبوں کو دیا آپ تو وہ بھی نہیں دے پائے، پانچ سالوں میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا، صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا۔
شہلا رضا نے مزید کہا کہ سابق صدر زرداری نے چین کے 80 دورے کیے اور پاور پراجیکٹس لگائے، شہباز شریف تو دہشتگردوں کو کہتے تھے ہم پر حملہ نہ کرو ہمارے خیالات آپ سے ملتے ہیں، دہشتگردی کا نشانہ ہمارے کارکن بنے اور شہید بینظیر بھٹو بنیں، کراچی سے دہشتگردی ختم کرنے کے دعوے کرنے والے طالبان کو اپنا بھائی کہتے تھے۔
شہلا رضا نے کہا کہ پاور پراجیکٹس لگ گئے تو آپ کے لیڈر مینار پاکستان بیٹھ کر پنکھا جھلنے کے ڈرامے کرنے لگے، ہم آج لاہور اور پنجاب میں ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ ہے، سندھ تھر سے نیشنل گرڈ میں بجلی بھیج رہا ہے، آپ نے نیلم جہلم منصوبہ روکے رکھا حکومت کے آخری سال میں شروع کیا، آپ کہتے ہیں لاہور ٹیکس دیتا ہے جبکہ کراچی پورے پاکستان کو پالتا ہے، سب سے زیادہ ریونیو سندھ دیتا ہے جبکہ آپ کی حکومت میں سندھ کو کم حصہ ملتا ہے، رینٹل پروگرام کے خلاف خواجہ آصف نے ہزیمت اٹھائی کیونکہ ان معاہدوں کے پیچھے آپ تھے۔