پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل  برس پڑے،پہاڑوں پر برفباری کا امکان

Jan 26, 2024 | 10:18:AM

(24نیوز)کہیں بادل اور کہیں ٹھنڈی ہوائیں،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل بھی برس پڑے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سردرہنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں با رش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو علی الصبح بادل پرس پڑے، موسم سرما کی پہلی بارش سے خشک سردی اور دھند میں کمی ہو گئی، ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع اور شمالی بلوچستان میں جزوی ابر آلود رہے گا  تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی جس کے باعث مذکورہ علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی،شہر لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ برقرار,شہر میں دھند کے باعث حد نگاہ میں نمایاں کمی  آ گئی،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات اور گردونواں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، کرم ایجنسی، خیبر، مہمند اور وزیرستان سمیت چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

شہر قائد میں سردی کے ڈیرے ہیں، ٹھنڈی ہواؤں کا راج برقرار ہے،کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 300 یونٹ تک بجلی مفت،موٹر سائیکل والوں کیلئے پٹرول سستا ؟،اہم سیاسی شخصیت نے بڑا اعلان کر دیا

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت میں اسکردہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ، استور، کالام، گلگت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ، چترال، دیر، مالم جبہ، راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور  کا موجودہ درجہ حرارت 6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،ہوا میں نمی کا تناسب 90فیصد ریکارڈ کیاگیا،ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں ہوائیں 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں،شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی ،ائیرکوالٹی انڈیکس 186ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق موسم سرما اس بار طویل خشک سردی میں گزر رہا ہے،ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے موسمی پیٹرن بھی تبدیل ہونے لگا ہے۔

ماہرین موسمیات نے کہا ہےکہ دسمبر کے بعد جنوری میں بھی بارشیں نہیں ہورہیں جو گرمی میں پانی کی قلت کے خدشات کو بڑھا رہا ہے، اس کے علاوہ خشک سردی اور اسموگ سے نمونیہ جیسے امراض بھی شدت اختیار کررہے ہیں۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بار غیر معمولی موسم ہے، زراعت خاص کر گندم کی کاشت بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ رواں سال جنوری میں اب تک صرف بلوچستان میں ہلکی بارش ہوئی۔

دوسری جانب لاہوریوں کا انتظار ہوا ختم،لاہور میں 27 جنوری سے مغربی ہوائیں داخل ہوں گی،30 اور 31 جنوری کو لاہور میں ابر رحمت برسے گی،بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سردی کم ہو جائے گی۔

مزیدخبریں