امریکہ میں چین کیخلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، محسن نقوی
دورہ کا مقصد دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دینا ہے، ہوسٹن میں گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہوں نےامریکہ میں چین کیخلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی،مخالفین کی جانب سے زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے نوجوانوں کی تقریب میں ان کی شرکت کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔
امریکا کے شہر ہوسٹن میں میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی اینٹی چائنہ فنکشن میں نہیں گیا اور اس قسم کے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ ان کے دورہ امریکا کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے اور پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ان کا دورہ امریکا سیاستدانوں سے ملاقاتوں پر مشتمل ہے جن کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مل کر ایک مؤثر پلان بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے لیکن سیاست اس حد تک نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان کو نقصان ہو۔
محسن نقوی نے کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔